
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں اسپیکر ایاز صادق، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر عرفان صدیقی بھی موجود تھے۔
ملاقات خوش گوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی اور دونوں ممالک کے تعلقات پر بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، ایرانی قیادت نے اسرائیل کے خلاف جرأت مندانہ مؤقف اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے، مسائل جنگوں سے حل نہیں ہوتے، تنازعات کا حل سفارت کاری اور گفت وشنید سے ہونا چاہیے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے دفاع کے حق کی عالمی سطح پر حمایت کی، پارلیمان کے دونوں ایوانوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرار داد منظور کی۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، انہوں نے پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ایران پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اہم کردار رہا ہے، انہوں نے تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے پاکستانی زائرین کی میزبانی پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران پاکستان کا قابلِ اعتماد اور مخلص شراکت دار ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدرمسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان کی حمایت ہمارے لیے قابلِ قدر ہے، ایران تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے لیے ہمیشہ تیار ہے، پاکستان اور ایران خطے میں امن اور خوش حالی کے لیے مل کر کام کریں۔
ایرانی صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی پارلیمان تعلقات مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، ایران اور پاکستان کا پیغام مکالمہ، تعاون، برادری، اور پائیدار امن ہے۔