
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار محمود اختر نے لائیو شو میں عمران اشرف کو اسٹینڈنگ اوویشن دیا۔
محمود اختر نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے میزبان عمران اشرف کو ان کے عاجزانہ رویے پر اسٹینڈنگ اوویشن دیا۔
اُنہوں نے انکشاف کیا کہ جہاز میں بزنس کلاس میں سیٹ کی بکنگ ہونے کے باوجود بھی عمران اشرف نے صرف میرے احترام میں پورا سفر اکانومی کلاس میں میرے ساتھ بیٹھ کر کیا۔
اداکار نے کہا کہ عمران اشرف نے میرے لیےجو کیا وہ ادب نہیں بلکہ ان کا کردار ہے اور یہ کردار والدین کی اچھی پرورش کا نتیجہ ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام پر عمران اشرف اسٹینڈنگ اوویشن کے حقدار ہیں۔
محمود اختر نے عمران اشرف کو شو کے دوران حاضرین کے ہمراہ کھڑے ہو کر اسٹینڈنگ اوویشن دیا۔
شو کا یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے اور صارفین کی جانب سے عمران اشرف کے حسنِ اخلاق کی خوب تعریفیں بھی کی جا رہی ہیں۔