
سٹی کورٹ کراچی کے سینئر سول جج نے شادمان نالے میں گرنے سے خاتون اور دو ماہ کے بچے کی ہلاکت کے کیس میں فریقین کو 99 لاکھ روپے سے زائد ورثاء کو ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
کے ایم سی اور ڈی ایم سی وسطی کے خلاف شہری کے ہرجانے کے دعویٰ پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت سینئر سول جج نے ریمارکیس دیتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثہ فریقین کی غفلت کے باعث پیش آیا، کے ایم سی اور ڈی ایم سی وسطی عوامی فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے، قانونی ذمے داری تھی کہ سیوریج کے نظام کی دیکھ بھال اور شہریوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2022ء کی بارشوں کے دوران موٹر سائیکل سوار خاندان نالے میں گر گیا تھا، فریقین کی غفلت سے مدعی کی اہلیہ اور دو ماہ کا بیٹا جاں بحق ہوا۔
وکیل نے کہا کہ برساتی نالے کے اطراف کوئی حفاظتی انتظامات نہیں تھے، مدعی کے 3 ماہ کے بیٹے کی لاش بھی نہیں مل سکی۔