(1)(1)(1)(1)(1)(2)_updates.jpeg)
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ آنے والے برسوں میں صوبے کے عوام کی تقدیر بدل دیں گے، شہروں اور دیہات میں تفریق کے خاتمے کےلیے ترقی کے نئے دروازے کھولیں گے۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے عوام سے جو وعدے کیے وہ نبھا رہی ہے، ہمارا مقصد ایک بااختیار، خوشحال اور پائیدار سندھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 26-2025ء میں 481 نئے منصوبے شروع کریں گے۔
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ 4 لاکھ سے زائد گھروں کو سولر سسٹمز کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، اس اقدام سے بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور بجلی بلوں کے بوجھ میں بھی واضح کمی آئے گی۔

شرجیل میمن کی سندھ کے عوام کیلئے خوشخبری
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے صوبے کے عوام کو خوشخبری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی اخراجات میں کمی کے لیے حکومت کے دفاتر کو مرحلہ وار سولرائز کیا جا رہا ہے۔ اسپتالوں، اسکولوں اور دیگر عوامی اداروں کو بھی مرحلہ وار سولرائز کیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ 1.58 ارب کی لاگت سے کراچی کے اسپتالوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے، نیشنل ہائی وے کے قریب 1.43 ارب کا جدید میڈیکل کمپلیکس بنایا جائے گا، اسلام کوٹ میں نرسنگ اور پیرا میڈیکل انسٹیٹیوٹ کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گھوٹکی، قمبر اور گڈانی میں اربوں روپے کے انفرااسٹرکچر منصوبے شروع کیے ہیں جبکہ سمندری پانی کو میٹھا کر کے پینے کے قابل بنانے کیلیے سالینیشن پلانٹ قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں پہلا 5 ایم جی ڈی ڈی سالینیشن پلانٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہوگا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ زراعت اور آبپاشی کے میدان میں نارا کینال کی لائننگ کےلیے 4.29 ارب روپے خرچ ہوں گے، نکاسی آب کے منصوبوں پر 33 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں 1.7 ارب لاگت سے 17 منزلہ سائنس و ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جا رہا ہے، یہ منصوبہ کویت حکومت کی مالی معاونت سے مکمل ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارک مصنوعی ذہانت، آئی ٹی اور سائنسی تحقیق کے فروغ کا مرکز بنے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی بینک کے تعاون سے 3.2 ارب ڈالر کے 13 بڑے منصوبے بھی جاری ہیں، بی آر ٹی، سولر انرجی، اربن موبیلیٹی، فلڈ ریزیلینس، صاف پانی، تعلیم اور زراعت شامل ہیں۔