
کراچی کے شہری کی محبت میں تیونس سے آئی خاتون سندا کا کہنا ہے کہ عامر شادی سے پہلے الگ تھا، شادی کے بعد بالکل بدل گیا تھا۔
تیونس سے آئی خاتون سندا نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میری طلاق کے بعد میرے والدین نے مجھ پر ہی الزام عائد کیا۔
سندا کا کہنا ہے کہ میں پاکستان میں رہنا چاہتی ہوں لیکن اگر کچھ نہیں ہوا تو اپنے ملک واپس چلی جاؤں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نارتھ افریقہ کے ملک تیونس کی رہائشی 19 سالہ سندا ایاری نے کراچی کے وومن تھانے پہنچ کر پناہ کی درخواست دی تھی۔
- امریکی خاتون کے بعد تیونس کی لڑکی کی محبت کا کراچی میں افسوسناک انجام
اس لڑکی کی اولڈ سٹی ایریا کے علاقے نیا آباد کھڈا مارکیٹ لیاری کے رہائشی محمد عامر سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی، جنونی محبت میں مبتلا ہو کر دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا جس کے لیے سندا پاکستانی ویزا حاصل کر کے 28 نومبر 2024ء کو کراچی پہنچ گئی تھی۔
لڑکی کو عامر اور دیگر نے کراچی ایئر پورٹ سے ریسیو کیا، اگلے ہی دن عامر کے اہلِ خانہ نے ایک تقریب میں دونوں کی شادی کرا دی۔
نکاح نامہ 6 مارچ کو لیاری کی یونین کونسل بغدادی میں رجسٹرڈ ہوا۔
خاتون کے مطابق شادی کے بعد وہ خوش و خرم رہے، چند ماہ قبل دونوں میں معمولی باتوں پر تلخیاں پیدا ہونا شروع ہوئیں، جس کے بعد عامر نے اسے طلاق دے دی۔
لڑکی کے مطابق وہ اب اپنے وطن واپس جانا چاہتی ہے۔
ریکارڈ کے مطابق سندا کا پاکستان کا 90 دن کا ویزا 18 فروری کو زائد المیعاد ہو چکا ہے، ویزے کی تجدید یا ایگزٹ پرمٹ کے بغیر وہ واپس نہیں جا سکتی۔
ویزے کی تجدید کے لیے لگ بھگ 400 امریکی ڈالرز اور سوا دو لاکھ روپے سے زائد کے ہوائی ٹکٹ کے انتظام کا بھی لڑکی پر بوجھ ہے۔