
کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار ’را‘ کے مبینہ 4 ایجنٹس کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے تمام ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ تفتیشی افسر 2 جولائی کو ملزمان کو پیشرفت رپورٹ کے ساتھ دوبارہ پیش کریں، ملزمان میں محمد خان، اختر علی، امید علی تھہیم اور جمین ملاح شامل ہیں۔
تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ چاروں ملزمان ملک دشمن بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلق رکھتے ہیں، ملزمان بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تربیت یافتہ ہیں، ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ملکی سلامتی کو نقصان پہنچایا، ان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے قائد آباد سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لیے کام کرنے والے 4 دہشتگردوں کو پکڑا تھا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے بتایا تھا کہ کراچی کے علاقے قائد آباد سےگرفتار چاروں دہشتگرد بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ ہیں جو 2024 میں دہشتگردی کی ٹریننگ کے لیے سجاول کے راستے سے بھارت بھی گئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشتگرد بھارت میں ایک کرنل سے رابطے میں تھے، ملزمان کے موبائل فونز سے ملک دشمن مواد ملا ہے۔