یوم عاشور پر ملک بھر میں مجالس عزا، جلوس برآمد

یوم-عاشور-پر-ملک-بھر-میں-مجالس-عزا،-جلوس-برآمد

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نواسہ رسول امام حسین کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کا دن، یوم عاشور پر ملک بھر میں مجالس عزا، جلوس برآمد ہورہے ہیں۔

لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا، جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہوگا۔

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ اور مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔

کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔ اس موقع پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہے گی۔

پشاور میں شب عاشور کے تمام جلوس اختتام پذیر ہوگئے۔ پشاور میں شب عاشور کے مجموعی طور پر 16 جلوس برآمد ہوئے۔

روہڑی میں نو محرم کا تاریخی نو ڈھال کا جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا میدان پہنچ گیا، آج ظہرین کے بعد شہدا قبرستان کے لیے روانہ ہوں گے۔ ملتان میں 11 بجے استاد شاگرد کے قدیمی تعزیوں سمیت 25 سے زائد جلوس برآمد ہوں گے۔

گوجرانوالہ میں آج مرکزی جلوس امام بارگاہ گلستان معرفت سے برآمد ہوگا۔ مٹھی میں یوم عاشورہ کا جلوس صبح دس بجے برآمد ہوگا۔

میرپور آزاد کشمیر میں مرکزی جلوس صبح 11 بجے مرکزی امام بارگاہ بیت الحزن سے برآمد ہوگا۔

یوم عاشور پر بھی سیکیورٹی کے سخت انتظاما ت کیے گئے ہیں اور کئی مقامات پر موبائل فون سروس متاثر ہے۔