پاکستان آئیڈل: راحت فتح علی خان، فواد خان، زیب بنگش، بلال مقصود جیوری میں شامل

پاکستان-آئیڈل:-راحت-فتح-علی-خان،-فواد-خان،-زیب-بنگش،-بلال-مقصود-جیوری-میں-شامل

پاکستان آئیڈل کی جیوری میں شامل راحت فتح علی خان، فواد خان، زیب بنگش اور بلال مقصود —فائل فوٹوز
پاکستان آئیڈل کی جیوری میں شامل راحت فتح علی خان، فواد خان، زیب بنگش اور بلال مقصود —فائل فوٹوز

پاکستان آئیڈل کی جیوری میں راحت فتح علی خان، فواد خان، زیب بنگش اور بلال مقصود شامل ہوں گے۔

پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر دنیا کے سب سے مقبول میوزک مقابلے ’پاکستان آئیڈل‘ کا باضابطہ آغاز قومی سطح پر ہو رہا ہے۔

یہ شو معروف بین الاقوامی کمپنی فریمنٹل کے لائسنس کے تحت تیار کیا جا رہا ہے اور اسے پاکستان میں ایم ایچ ایل گلوبل پیش کرے گی۔

تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے اور پاکستان آئیڈل کا مقصد ملک بھر کے اُبھرتے ہوئے گلوکاروں کو ایک عالمی معیار کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

شرکاء کو ٹی وی پر پرفارم کرنے، عالمی معیار کی تربیت حاصل کرنے اور ناظرین کے ووٹ کے ذریعے اپنی قسمت کا فیصلہ کروانے کا موقع ملے گا۔

شو ملک کے متنوع ثقافتی اور علاقائی پس منظر سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت افراد کو اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

شو کے معیار کو بلند کرنے اور ناظرین کو معیاری تفریح فراہم کرنے کے لیے جیوری میں ملک کے 4 نمایاں موسیقار اور فنکار، فواد خان، زیب بنگش، راحت فتح علی خان اور بلال مقصود شامل ہیں۔

یہ شخصیات ناصرف شرکاء کی رہنمائی کریں گی بلکہ ہر ہفتے ناظرین کے لیے یادگار لمحات بھی تخلیق کریں گی۔

پاکستان آئیڈل کی پروڈکشن بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو گی جس میں براہِ راست پرفارمنسز، تھیم پر مبنی مقابلے اور ایک ڈیجیٹل فرسٹ حکمتِ عملی شامل ہے۔

اس بارے میں زویا مرچنٹ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان آئیڈل‘ کے لیے فریمنٹل کے ساتھ ہماری شراکت پاکستان کی تخلیقی اور تفریحی صنعتوں کے لیے ایک بڑا قدم ہے، جو صرف تفریح کا آغاز نہیں بلکہ ایک ثقافتی تحریک ہے۔

پاکستان بے پناہ موسیقی ٹیلنٹ سے مالا مال ہے اور یہ پلیٹ فارم اس ٹیلنٹ کو ناصرف قومی بلکہ عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔

آن لائن آڈیشنز آج سے بگن Begin کے آفیشل پلیٹ فارم پر شروع ہو رہے ہیں، جبکہ بڑے شہروں اور دور دراز علاقوں میں آڈیشنز کا آغاز اسی ماہ کے آخر میں ہو گا تاکہ ہر علاقے کے ٹیلنٹ کو برابر موقع فراہم کیا جا سکے۔