
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جنگ میں ہمارے میڈیا نے بہترین کردار ادا کیا، شہید بےنظیر بھٹو صحافیوں کی تحریک میں ساتھ کھڑی رہیں، آج بھی آزادی صحافت کے حوالے سے چیلینجز ہیں۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ایف یو جے نے آزادی صحافت کے لیے جدوجہد کی، ڈس اور مس انفارمیشن ایک ہتھیار بن چکا ہے، وزیراعلیٰ سے اتفاق کرتا ہوں کہ پی ایف یو جے ایک تحریک ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایم آر ڈی میں صحافی جمہوریت پسند کارکنوں کے ساتھ کھڑے رہے، اخبارات پر پابندیوں کیخلاف صحافیوں کی قربانیاں بھی قابل قدر ہیں، اے آر ڈی کے دوران بھی صحافی پابندیوں کے خلاف سراپا احتجاج رہے۔
انھوں نے کہا شہید محترمہ بینظیر بھٹو صحافیوں کے پاس جا کر اظہار یکجہتی کرتی رہیں، جس طرح پاک فضائیہ نے بھارت کو ہرایا، اسی طرح پاکستانی صحافت نے بھی بھارتی میڈیا کو شکست دی۔
بلاول بھٹو نے کہا پاکستانی صحافیوں نے اپنی ساکھ، سچ اور تصدیق پر مبنی خبروں کو ترجیح دی، ڈیجیٹل میڈیا پر پابندیاں ہٹانا بھی مثبت ثابت ہوا، جنگ کے دوران ہمیں اندازہ ہوا ڈیجیٹل میڈیا ہمارا اثاثہ ہے، امید ہے وفاقی حکومت صحافی برادری کی قدر کرے گی اور اپنی کچھ پالیسیوں پر نظرثانی کرے گی۔
انھوں نے کہا صحافیوں کی حفاظت کے لیے بنائے گئے قانون کے نفاذ کی پوری کوشش کریں گے، صحافی بھی ہماری مدد کریں، دہشتگرد اور ہمارا دشمن مل کر ڈس انفارمیشن پھیلا رہے ہیں، بلوچستان، سندھ اور کشمیر کے حوالے سے ڈس انفارمیشن پھیلائی جا رہی ہے، پی ایف یو جے کی مدد سے اس ڈس انفارمیشن کیخلاف قانون سازی کی کوشش کریں گے۔