شروع میں لوگوں کا کہنا تھا کہ میں ہیرو جیسا نظر نہیں آتا: سنیل شیٹی

شروع-میں-لوگوں-کا-کہنا-تھا-کہ-میں-ہیرو-جیسا-نظر-نہیں-آتا:-سنیل-شیٹی

سنیل شیٹی—فائل فوٹو
سنیل شیٹی—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی کا کہنا ہے کہ کیریئر کے شروع میں انہیں اپنی غیر روایتی شکل و صورت کی وجہ سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ ہیرو جیسے نظر نہیں آتے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے کے مقابلے میں اسٹار کڈز کو آج خود کو ثابت کرنے کے لیے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے کیونکہ اب لوگ زیادہ تنقید کرنے والے ہو گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل شیٹی 3 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے فلم انڈسٹری میں ہیں، ایکشن اسٹار کے طور پر شروعات کرنے کے بعد انہوں نے ولن کے طور پر بھی کامیابی حاصل کی اور اب وہ اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر بھی شہرت سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

اپنے شو ہنٹر کے دوسرے سیزن کی تشہیر کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں تجربے کار اسٹار نے اپنے ابتدائی دور سے لے کر اب تک آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات کی۔

سنیل شیٹی نے بتایا کہ 90ء کی دہائی میں اپنے کیریئر کے شروع میں انہیں اپنی غیر روایتی شکل و صورت کی وجہ سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ ہیرو جیسے نظر نہیں آتے۔

سنیل شیٹی کے نانا بننے کے دن قریب آ گئے

ایک انٹرویو میں 63 سالہ سنیل شیٹی نے کہا ہے کہ میری بیٹی اتھیا شیٹی کے ہاں بچے کی پیدائش اپریل میں متوقع ہے۔

اداکار نے اس بات سے اتفاق کیا کہ آؤٹ سائیڈرز یعنی وہ لوگ جن کا کوئی فلمی پس منظر نہیں ہوتا تھا انہیں اکثر شروعات میں زیادہ دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم 30 سال پہلے کے مقابلے میں اسٹار کڈز کے لیے اب کامیاب ہونا زیادہ مشکل ہے۔

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ اسٹار کڈز کے لیے حالات زیادہ مشکل ہونے کی وجہ جزوی طور پر مقابلہ ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ سخت تنقید بھی ہے جو انہیں ناظرین کی طرف سے ملتی ہے،ہر کوئی نقاد ہے اور خود کو ایک نقاد سمجھتا ہے اور یہ سنیما کی تنقیدی تعریف نہیں بلکہ تنقیدی پٹائی ہے۔

سنیل شیٹی کے دونوں بچوں اتھیا اور آہان شیٹی اداکاری کے میدان میں قسمت آزمائی کر چکے ہیں، اتھیا نے اپنے اداکاری کے کیریئر کا آغاز 2015ء میں فلم ہیرو سے کیا، جس کے بعد وہ 3 مزید فلموں میں نظر آئیں، جب ان کی آخری فلم موتی چور چکنا چور (2019ء) باکس آفس پر ناکام ہوئی تو انہوں نے خاموشی سے اداکاری سے ریٹائرمنٹ لے لی۔

آہان شیٹی نے 2021ء میں فلم تڑپ سے ڈیبیو کیا اور فی الحال ان کی فلمیں بارڈر 2 اور سنکی اگلے سال ریلیز کے لیے تیار ہیں۔

سنیل شیٹی حال ہی میں ایمیزون ایم ایکس پلیئر کے شو ہنٹر میں نظر آئے تھے، جس کے سیزن 2 میں جیکی شیروف، انوشا ڈانڈیکر اور برکھا بشت بھی مرکزی کرداروں میں شامل ہیں۔