’سردار جی 3‘ پر بھارت میں عائد پابندی افسوسناک ہے: ہمایوں سعید

’سردار-جی-3‘-پر-بھارت-میں-عائد-پابندی-افسوسناک-ہے:-ہمایوں-سعید

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے اداکارہ ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی 3‘ پر بھارت میں عائد پابندی کو افسوسناک قرار دے دیا۔

حال ہی میں باصلاحیت اداکار نے جیو پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔

دوران انٹرویو ان سے پاک بھارت تنازعات، پاکستانی فنکاروں اور ’سردار جی 3‘ اور ’عبیر گلال‘ پر بھارت میں عائد پابندی سے متعلق پوچھا گیا۔

سردار جی 3 بھارت سے باہر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی دوسری پنجابی فلم بن گئی

بھارت میں پابندی کا سامنا کرنے والی بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ نے تاریخ رقم کر دی۔

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ہمایوں سعید نے کہا کہ سردار جی 3 لگنی چاہیے تھی اور لگ گئی، سردار جی 3 کا بھارت میں نہ لگنا افسوس ناک ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

اداکار کا کہنا ہے کہ فواد خان کی فلم عبیر گلال رک گئی، اس میں ہمارے فنکاروں کا کوئی قصور نہیں اور نہ فلم بنانے والوں کا قصور ہے، انہوں نے اچھی نیت سے فلم بنائی تھی کہ دونوں ممالک کے درمیان حالات ٹھیک ہیں تو دونوں ممالک کے فنکاروں کو ساتھ لا کر کام کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ کسی کو نہیں پتہ تھا کہ جنگ ہوجائے گی، میرے خیال سے بھارت کو دونوں فلمیں ریلیز کرنے دینا چاہیے تھا۔ مجھے خوشی ہے کہ کم از کم پاکستان میں ’سردار جی 3‘ ریلیز ہوئی اور لوگوں نے اسے بہت اچھا ریسپانس بھی دیا۔

انہوں نے کہا کہ ان سب کے باوجود یہ فلم پروڈیوسر کا بہت بڑا نقصان ہے، اگر ایک فلم ہمارے ملک میں 40 کروڑ کا بزنس کرتی ہے تو جب انہیں ان کی کرنسی میں حصص ملیں گے تو وہ 4 سے 5 کروڑ سے زیادہ نہیں ہوں گے، جو بہت افسوس ناک ہے۔

ہمایوں سعید کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کا اصل بزنس امریکا اور برطانیہ کے بعد 40 سے 50 فیصد بھارت سے ہونا تھا، یہ بہت بڑا نقصان ہے۔ انہیں چاہیے تھا اس بار فلم لگانے دیتے اور مستقبل کے لیے تنبیہ کردیتے۔