لیون مارچنڈ کا تاریخی کارنامہ، 200 میٹر میڈلے کا ورلڈ ریکارڈ توڑ ڈالا

لیون-مارچنڈ-کا-تاریخی-کارنامہ،-200-میٹر-میڈلے-کا-ورلڈ-ریکارڈ-توڑ-ڈالا

تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
تصویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

فرانس کے نوجوان تیراک لیون مارچنڈ نے ورلڈ ایکواٹکس چیمپئن شپس میں 200 میٹر میڈلے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر کے تاریخ رقم کر دی۔ 

سنگاپور میں ہونے والے ان مقابلوں کے سیمی فائنل میں انہوں نے شاندار تیراکی کرتے ہوئے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 23 سالہ لیون مارچنڈ نے 1 منٹ 52.69 سیکنڈز میں فاصلہ طے کیا اور ریان لوچٹے کا 2011ء میں قائم کردہ 1 منٹ 54.00 سیکنڈز کا ریکارڈ توڑ ڈالا، اس شاندار کامیابی کے بعد وہ فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر گئے۔

کینیڈین سوئمر سمر میکنٹوش کا ایک اور عالمی ریکارڈ

18 سالہ سمر میکنٹوش نے کینیڈین سوئمنگ ٹرائلز میں 200 میٹر میڈلے کے دوران عالمی نیا ریکارڈ قائم کیا۔

مارچنڈ نے پیرس اولمپکس 2024ء میں چار طلائی تمغے جیتے تھے، انہوں نے ریکارڈ کے بعد جذباتی انداز میں کہا کہ مجھے یقین نہیں آ رہا، میں جانتا تھا کہ آج اچھا پرفارم کروں گا لیکن 1:52 کا وقت میرے لیے ناقابلِ یقین ہے۔

اسی ریس میں برطانیہ کے ڈنکن اسکاٹ نے 1:55.51 سیکنڈز کے وقت کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔