اداکارہ حمیرا اصغر کا بھائی بہن کی میت لے کر لاہور روانہ ہوگیا

اداکارہ-حمیرا-اصغر-کا-بھائی-بہن-کی-میت-لے-کر-لاہور-روانہ-ہوگیا

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فلیٹ سے ملنے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش اہلخانہ نے وصول کرلی، جس کے بعد وہ مرحومہ کی میت لیکر لاہور روانہ ہوگئے ہیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے میڈیا کو بتایا کہ ورثاء میت لاہور لے جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے حمیرا کی موت کے بارے میں فوری طور پر کسی شک و شبہے کا اظہار نہیں کیا ہے۔

حمیرا اصغر کا بھائی اور دیگر رشتہ دار  پہلے کراچی میں ایس ایس پی ساؤتھ آفس، اس کے بعد ریسکیو ادارے کے سرد خانے پہنچے۔

گورنر سندھ کا اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین کے انتظامات کرنے کا اعلان

کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس کراچی کے پیش امام سے کہا ہے کہ حمیرا اصغر کی نمازجنازہ پڑھائیں، حمیرا اصغر کی تجہیز و تکفین کے تمام تر انتظامات میں ادا کروں گا۔

اداکارہ حمیرا کے چھوٹے بھائی نوید اصغر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمیرا میری چھوٹی بہن تھی، لاش اگر پولیس کی کسٹڈی میں ہو تو قانونی تقاضے مکمل کرنے پڑتے ہیں۔

نوید اصغر نے کہا کہ  ہم تین دن سے فلاحی ادارے اور پولیس سے رابطے میں تھے، ہم نے اب اپنی بہن حمیرا کی باڈی وصول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے ملی، وہ گزشتہ 7 سال سے اس کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھیں، اداکارہ 2018ء میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق خاتون فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں، 2018ء میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا اور وہ 2024ء سے کرایہ نہیں دے رہی تھیں۔

کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں مالک مکان نے کیس کیا تھا، بیلف آیا تو دروازہ بند تھا، دروازہ نہ کھلنے پر توڑا گیا تو کمرے میں زمین پر خاتون کی لاش پڑی تھی۔