
کیا ایک نجومی نے شیفالی جری والا کی موت کی پیشگوئی کی تھی؟ اس حوالے سے ایک پرانے ویڈیو کلپ نے مداحوں کو چونکا دیا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ شیفالی جری والا کی اچانک موت کے بعد ایک پرانا پوڈکاسٹ کلپ دوبارہ منظرِ عام پر آیا ہے، جس میں ان کی موت سے متعلق ایک خوفناک پیشگوئی کی گئی تھی۔
یہ کلپ اگست 2024ء کے Abra Ka Dabra Show کا ہے، جس میں میزبان پارس چھابڑا شیفالی جری والا کے زائچے (birth chart) کا تجزیہ کر رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ چاند، عطارد (Mercury) اور کیتو کی آٹھویں گھر میں موجودگی اچانک نقصانات، پوشیدہ سچائیوں اور حتیٰ کہ ناگہانی موت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
پارس نے خاص طور پر چاند اور کیتو کے امتزاج کو ایک نیک شگون قرار نہیں دیا اور کہا کہ یہ ذہنی دباؤ اور اعصابی نظام کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔
اسی پوڈکاسٹ میں شیفالی جری والا نے انکشاف کیا تھا کہ وہ بچپن میں مرگی (epilepsy) کا شکار تھیں، لیکن گزشتہ 20 سال سے صحت مند زندگی گزار رہی تھیں، جس کا کریڈٹ انہوں نے یوگا، مراقبہ اور نظم و ضبط کو دیا۔
27 جون 2025ء کو 42 سالہ شیفالی جری والا ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر اچانک بے ہوش ہو کر گر گئی تھیں اور اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گئی تھیں، ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچنے پر ان کی موت کی تصدیق کردی تھی۔

شفالی کی اچانک موت کی وجہ سامنے آگئی؟
وہ گزشتہ 5 سے 6 سال سے اینٹی ایجنگ انجیکشن اور ادویات زیر استعمال رکھ رہی تھیں۔
ابتدائی اطلاعات میں ہارٹ اٹیک کو وجہ قرار دیا گیا، مگر ان کے ذاتی معالج نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں کبھی دل کا مرض لاحق نہیں رہا اور نہ ہی وہ کسی کارڈیک دوا پر تھیں، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شیفالی جری والا گزشتہ 5 سے 6 سال سے اینٹی ایجنگ ٹریٹمنٹس لے رہی تھیں۔
تحقیقات کے مطابق شیفالی جری والا خالی پیٹ اینٹی ایجنگ انجیکشنز استعمال کیا کرتی تھیں، اپنی موت والے دن بھی انہوں نے دوپہر کے وقت انجیکشن لیا تھا، جس کے بعد انہیں کپکپی محسوس ہوئی اور وہ بے ہوش ہو گئیں، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر جان نہ بچائی جا سکی۔
واضح رہے کہ شیفالی جری والا نے 2002ء میں مشہور گانے کانٹا لگا سے شہرت حاصل کی اور بعد ازاں بگ باس 13 سمیت کئی شوز میں جلوہ گر ہوئیں۔