
سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے ٹرانسفر کیس کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی۔
وکیل منیر اے ملک نے 5 ججز کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی ہے۔
سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز ٹرانسفر کو درست قرار دیا تھا، سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے سنیارٹی کا معاملہ صدرِ پاکستان کو بھجوا دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے ججز ٹرانسفر کیس کے فیصلے کو انٹرا کورٹ اپیل میں کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انٹرا کورٹ اپیل کے التواء تک 19 جون کا فیصلہ معطل کیا جائے۔
اس حوالے سے دائر کی گئی اپیل میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے میں نئی ہائیکورٹ میں ٹرانسفر ہونے والے جج کے حلف اٹھانے کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا، آرٹیکل 194 کے تحت حلف کو لازم قرار دیا گیا ہے۔
اپیل میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ حلف اٹھائے بغیر ججز کی سینیارٹی کا تعین نہیں کیا جاسکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے میں سنگین غلطیاں ہیں۔