
پاکستان نے انڈونیشیا کو شکست دے کر ایشین والی بال نیشنز کپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔
کوارٹر فائنل میں پاکستان نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد کم بیک کرتے ہوئے مسلسل 3 سیٹس جیت کر کامیابی اپنے نام کی۔
بحرین میں جاری ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں انڈونیشیا نے پاکستان کے خلاف پہلا سیٹ جیتا لیکن اس کے بعد پاکستان والی بال ٹیم نے میچ پر مکمل کنٹرول رکھا اور مسلسل تین سیٹس جیت کر کامیابی اپنے نام کرلی۔
انڈونیشیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں پاکستان کی جیت کا اسکور 20-25، 25-21، 25-20 اور 25-17 رہا۔
میچ کے دوران انڈونیشن ٹیم کو اٹیک پر برتری رہی، اس نے اٹیک پر پاکستان کے 50 کے مقابلے میں 56 مجموعی پوائنٹس حاصل کیے تاہم پاکستان نے 16 بلاک پوائنٹس لئے، انڈونیشیا کے بلاک پوائنٹس 7 تھے۔
پاکستان کی جانب سے 20 پوائنٹس بٹورنے والے مراد جہاں اور 16 پوائنٹس میں کردار ادا کرنے والے عثمان فریاد علی نے شاندار کھیل پیش کیا، مراد خان اور فہد رضا نے بھی پاکستان کی جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔