شاہ رخ خان کے بنگلے منت سے متعلق شکایت پر جانچ پڑتال

شاہ-رخ-خان-کے-بنگلے-منت-سے-متعلق-شکایت-پر-جانچ-پڑتال

شاہ رخ خان کے بنگلے منت سے متعلق شکایت پر جانچ پڑتال

شاہ رخ کے بنگلے ’منت‘ کی ساحلی قوانین کی خلاف ورزی سے متعلقہ شکایت پر جانچ پڑتال کرلی گئی۔

شاہ رخ کے زیر استعمال ’منت‘ ایک شاندار قدیمی ورثہ عمارت ہے، جس کی تعمیر 1914ء میں ہوئی، جو 2001ء میں کنگ خان نے خریدی۔

27 ہزار مربع فٹ پر محیط یہ بنگلا تاحال تزئین و آرائش کے مرحلے سے گزر رہا ہے اور شاہ رخ اپنی فیملی کے ساتھ منت سے 10 منٹ کی دوری پر واقع ایک ڈوپلیکس اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 6 منزلہ بنگلا گزشتہ 2 برس سے تزئین اور توسیع کے عمل سے گزر رہا ہے، جس میں اضافی 2 منزلہ اینکسی کی تعمیر کے منصوبے پر کام جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ممبئی کے بلدیاتی ادارے بی ایم سی اور محکمہ جنگلات کے افسران نے ساحلی ضابطہ علاقہ کی مبینہ خلاف ورزی کی شکایت پر شاہ رخ کے سمندر کنارے موجود بنگلے کا معائنہ کیا۔

حکام نے اس دوران اس بات کی جانچ پڑتال کی کہ باندرہ بینڈ اسٹینڈ پر واقعے بنگلے کے اردگرد کسی قسم کی تعمیر بغیر اجازت کی گئی ہے یا نہیں ؟

بی ایم سی کے ذرائع کے مطابق معائنے کے بعد رپورٹ تیار کی جارہی، اگر کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی سامنے آئی تو متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کیے جائیں گے۔