جامعہ کراچی کے پروفیسر آفاق صدیقی سے بدسلوکی کرنے والے رینجرز اہل کار کو معطل کرکے کارروائی کے احکامات دے دیے گئے۔
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رینجرز کے سیکٹر کمانڈر نے پروفیسر آفاق سے ملاقات کی، ملاقات میں رینجرز کے اعلیٰ عہدے داروں نے واقعے کی شدید مذمت اور معذرت بھی کی۔

رینجرز اہلکار کے تشدد سے پروفیسر کا چشمہ ٹوٹ گیا، آنکھ میں زخم آیا، انجمن اساتذہ جامعہ کراچی
انجمن اساتذہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رینجرز اہلکار نے آفیسر کے جانوروں کو مچھر سے بچانے کے لیے کچرے میں آگ لگائی، پڑوسی پروفیسر آفاق احمد نے رینجرز اہلکار کو کچرا جلانے سے روکا تھا۔
رینجرز کے اعلیٰ عہدیداروں نے پروفیسر آفاق کو یقین دلایا کہ ملوث اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر اور انجمن اساتذہ کے صدر نے پروفیسر آفاق سے اظہار یکجہتی کیا، پروفیسر آفاق نے تمام کارروائی پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔