
عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے کلب ورلڈ کپ میں شرکت کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔
رونالڈو نے سعودی کلب النصر کے ساتھ 2 سالہ نئے معاہدے پر دستخط کے بعد ویڈیو پیغام میں کہا کہ میرے پاس کچھ پیشکشیں تھیں کہ میں کلب ورلڈ کپ میں کھیلوں، لیکن میں نے سوچا یہ کوئی معنی نہیں رکھتا، کیونکہ میرے لیے بہتر ہے کہ میں مکمل آرام کروں اور اچھی تیاری کروں۔

کرسٹیانو رونالڈو کا سعودی عرب کے النصر کلب سے مزید 2 سال کا معاہدہ ہوگیا
النصر کلب کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ باضابطہ طور پر معاہدے میں توسیع کر دی گئی، اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اگلے دو برس ہمارے ساتھ رہیں گے۔
رونالڈو نے مزید کہا کہ میرا مقصد نا صرف النصر کے لیے بلکہ پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے بھی مکمل طور پر تیار رہنا ہے، اسی وجہ سے میں نے نیشنز لیگ کے آخری میچ تک خود کو محدود رکھا اور دیگر کسی پیشکش پر توجہ نہیں دی۔
رونالڈو نے حال ہی میں نیشنز لیگ کے فائنل میں اسپین کے خلاف گول کیا تھا، جس کے بعد پرتگال نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔
میرا یقین ہے کہ میں سعودی عرب میں چیمپئن بنوں گا
رونالڈو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ میرا ہدف ہمیشہ یہ رہا ہے کہ النصر کے لیے کچھ بڑا جیتوں اور میں اب بھی اس پر یقین رکھتا ہوں، اسی لیے میں نے مزید دو سال کا معاہدہ کیا ہے، کیونکہ میرا یقین ہے کہ میں سعودی عرب میں چیمپئن بنوں گا۔