وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، امریکی حملوں کی مذمت

وزیراعظم-شہباز-شریف-کا-ایرانی-صدر-سے-رابطہ،-امریکی-حملوں-کی-مذمت

وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر  مسعود پزشکیان—فائل فوٹوز
وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان—فائل فوٹوز

وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر  مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت ہوئی، شہباز شریف نے ایران پر امریکی حملوں کی مذمت کی۔

وزیراعظم نے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ  امریکی حملوں میں ان تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے تحفظات کے تحت تھیں،  حملے آئی اے ای اے کے قانون اور دیگر بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں، اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل51 کے تحت ایران کو حق کا دفاع ہے۔

امریکا نے ایران کی 3 ایٹمی تنصیبات پر حملہ کردیا

فردو، ننطاز اور اصفحان میں نیوکلیئر تنصیبات پر حملہ کیا گیا ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

وزیراعظم نے امن کیلئے فوری مذاکرات اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ  مذاکرات اور سفارتکاری آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایران کے لیے  پاکستان کی حمایت کو سراہا۔

ایرانی صدر نے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہارِ یک جہتی پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا، حکومت اور پاکستان کے عوام بشمول عسکری قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیرِاعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس نازک موڑ پر امت کے درمیان اتحاد قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔