
وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ٹیکس وصولی میں اضافے سے متعلقہ اقدامات کی پذیرائی کی ہے۔
وزیراعظم کو ایف بی آر اور آئی بی کے آپریشنز پر رپورٹ پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ دونوں اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے 178 ارب کی ریکوری ممکن ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کمپنیوں کے انضمام، ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں بقایاجات کی مد میں ٹیکس آمدن میں 69 ارب روپے اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے 515 چھاپے مارے گئے، ان کارروائیوں کے نتیجے میں ساڑھے 10 ارب روپے کا اضافی ٹیکس وصول کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ٹیکس آمدن میں اضافے کےلیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا معاشی استحکام ٹیم کی مشترکہ کوششوں کی بدولت ممکن ہوا، ملک کی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی کےلیے بھی سب کو مل کر کام کرنا ہے۔