
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت لاہور میں اجلاس ہوا، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے 2 روز کے اندر اسپتالوں میں ریڈ اور بلیو کوڈ ایمرجنسی سسٹم نافذ کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں سی ایم ہیلتھ ویجیلنس اسکواڈ کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ دوران ڈیوٹی نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے موبائل فون استعمال پر پابندی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس نے اسپتالوں میں موبائل فون کی بجائے رابطے کےلیے پیجر سسٹم نافذ کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہر ٹیچنگ اور ڈسٹرکٹ اسپتال میں وینٹیلیٹر مہیا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہارٹ کنسلٹنٹ اور سرجنز ہفتے میں 2 مرتبہ ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں ڈیوٹی دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتی کہ کوئی مریض دل کے علاج کی سہولت نہ ہونے سے جان سے جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا مریضوں کو علاج کےلیے دوسرے شہر جانے کا کہنا ظلم ہے، اب ایسے نہیں ہوگا۔ انھوں نے اسپتالوں کے ایکوپمنٹ آڈٹ، ڈیتھ آڈٹ، لیب آڈٹ، نرسنگ آڈٹ اور ریکارڈ آڈٹ کی ہدایت کی۔
مزید برآں انھوں نے سی ای او، ایم ایس کی تعیناتی کیلئے سیکریٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کو خود انٹرویو لینے کی ہدایت کی۔